نارتھ ناظم آباد میں گیس سلنڈر دھماکا، ایک بچہ جاں بحق، 4 افراد زخمی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد حیدری کے قریب واقع رہائشی عمارت بسمہ اللہ ریزیڈنسی میں گیس سلنڈر کے دھماکے کے نتیجے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس پر فائر بریگیڈ نے کارروائی کرتے ہوئے قابو پا لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ عمارت میں اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے۔ آتشزدگی کے نتیجے میں جھلس کر ایک بچہ جاں بحق ہو گیا، جبکہ ایک خاتون اور ایک بچی سمیت 4 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ فلیٹ میں ہونے والے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ عمارت کی نویں منزل پر لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دسویں فلور کے متعدد فلیٹس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ صورتحال کے پیش نظر متاثرہ عمارت کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا تاکہ کسی بڑے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت کے برابر واقع خالی پلاٹ میں کھڑی متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ عمارت سے متصل دیگر رہائشی عمارتیں بھی جزوی طور پر متاثر ہوئیں۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



