دریائے نیل سے فرات تک خدا نے یہ زمین اسرائیلیوں کو دی، پورے خطے پر قبضہ حق ہے، امریکی سفیر

مقبوضہ بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل میں امریکا کے سفیر مائیک ہکابی  نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل مشرقِ وسطیٰ کے وسیع علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

ایک انٹرویو کے دوران مائیک ہکابی کا کہنا تھا کہ خدا نے یہ زمین اسرائیلیوں کو دی ہے اور پورے خطے پر قبضہ کرنا ان کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسرائیل دریائے نیل سے دریائے فرات تک کے علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیتا ہے تو یہ ان کے نزدیک قابلِ قبول ہوگا۔

امریکی سفیر نے مزید کہا کہ اگر اسرائیل لبنان، شام اور اردن جیسے ممالک پر بھی کنٹرول حاصل کر لے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ دریائے نیل سے دریائے فرات تک کا تصور بنیادی طور پر ایک جغرافیائی اصطلاح ہے جسے گریٹر اسرائیل کے شدت پسند نظریے سے جوڑا جاتا ہے۔ اس تصور کے مطابق ایک خیالی خطہ لبنان سے لے کر سعودی عرب کے صحراؤں تک اور بحیرۂ روم سے لے کر عراق میں نہرِ فرات تک پھیلا ہوا دکھایا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ  نے گزشتہ سال مائیک ہکابی کو اسرائیل میں امریکا کا سفیر مقرر کیا تھا۔ مبصرین کے مطابق امریکی سفیر کا یہ بیان خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button