عمران خان کو بیرون ملک یا بنی گالہ منتقل کرنے کی کسی سطح پر کبھی گفتگو نہیں ہوئی، خواجہ آصف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو بیرون ملک یا بنی گالہ منتقل کرنے کی کسی سطح پر کبھی گفتگو نہیں ہوئی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ممکن ہے سہولتوں کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کو اپروچ کیا گیا ہو، مارکیٹ میں یہ پراڈکٹ رکھنے کے لیے ڈیل کی افواہیں پھیلائی جاتی ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اب اس پراڈکٹ کے پلے کچھ نہیں رہ گیا، ڈیل کی باتیں کرکے یہ اپنی دکان کھلی رکھنا چاہتے ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی نوکری خطرے میں ہے، انہوں نے نوکری بچانے کے لیے رہائی فورس کا اعلان کیا ہے، رہائی فورس غیرآئینی اور غیر قانونی ہے، وفاق کے سوا کوئی فورس بنانا کسی کا استحقاق نہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی تعریف کی ہے، صدر ٹرمپ نے بین الاقوامی اجتماع میں پاک فوج کی طاقت اور فیلڈ مارشل کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا ہے، وزیراعظم کا دورہ امریکا پاکستان کے حوالے سے بہت اچھا رہا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ غزہ امن بورڈ کے اجلاس میں کمٹمنٹس فلسطینیوں کو بسانے کے لیے ہوئی ہیں، ان شاء اللہ غزہ پھر آباد ہوگا وہاں فلسطینی آباد ہوں گے۔



