وزیر داخلہ محسن نقوی کا اسلام آباد میں نئے تعمیر شدہ اور زیر تعمیر تھانوں کا دورہ، کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد کے خستہ حال تھانوں کی حالت زار بدلنے لگی، تھانہ کوہسار کی تعمیرنو مکمل۔ 2 مزید تھانے تکمیل کے قریب ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں نئے تعمیر شدہ اور زیر تعمیر تھانوں کا دورہ کیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے تھانہ کوہسار، زیر تعمیر ویمن پولیس سٹیشن جی سکس اور زیر تعمیر تھانہ کورال کا معائنہ کیا، تھانہ کوہسار کی نئی عمارت میں فراہم کردہ جدید سہولتوں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے تھانہ کوہسار میں فرنٹ ڈیسک اور دیگر سیکشنز دیکھے اور تھانہ کوہسار میں سائلین کیلئے مزید سہولتیں مہیا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید پولیسنگ کے فروغ کیلئے نو تعمیر شدہ تھانوں میں عوامی سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے۔

محسن نقوی نے ویمن پولیس سٹیشن جی سکس کی تعمیر جلد مکمل کرنے کا حکم بھی دیا، اس سلسلے میں ضروری وسائل کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے تھانہ کورال کی نئی عمارت کو 2 ماہ میں مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیسنگ نظام کو عوام دوست بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ تھانوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، جدید انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے اسلام آباد کے پولیسنگ سسٹم کو عالمی معیار کے مطابق بنائیں گے۔

آئی جی اسلام آباد پولیس، چیئرمین سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button