شادی سے انکار پر دوہرے قتل کا فیصلہ: بھائی بہن کو دو، دو بار عمر قید

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)ایڈیشنل سیشن جج شعیب انور قریشی نے شادی سے انکار پر لڑکی فرزانہ بی بی اور اس کے منگیتر امانت کو قتل کرنے کے مقدمے میں مجرم علی حسن اور اس کی بہن کلثوم بی بی کو دو، دو بار عمر قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے ٹرائل مکمل ہونے کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔ استغاثہ کی جانب سے پراسیکیوٹر شبیر احمد خان نے گواہوں کو پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ علی حسن مقتولہ فرزانہ سے شادی کرنا چاہتا تھا، لیکن انکار پر رنجش میں آکر اس نے اپنی بہن کلثوم بی بی کے ساتھ مل کر فرزانہ اور اس کے منگیتر امانت کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے دونوں مقتولین کو شیخوپورہ میں قتل کرنے کے بعد لاشوں کو ڈرم میں ڈال کر نشتر کالونی کے علاقے میں پھینک دیا۔ اس مقدمے کا اندراج 2023 میں نشتر کالونی پولیس نے کیا تھا۔
دوران سماعت ملزمان کے وکلا نے استغاثہ کے دلائل کی مخالفت کی، تاہم عدالت نے شواہد کی روشنی میں دونوں مجرموں کو دو، دو بار عمر قید کی سزا سنا دی۔



