وزیراعظم شہباز شریف صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کی حمایت کریں گے، اسحاق ڈار

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف واشنگٹن میں ہونے والے غزہ امن بورڈ اجلاس میں شرکت کر کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کی حمایت کریں گے۔

فلسطین کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے اسرائیلی جارحیت کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزی کر رہا ہے، جبکہ جنگ بندی کا احترام ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقل امن صرف باہمی احترام پر مبنی سفارت کاری سے ہی ممکن ہے، اور فلسطینی اتھارٹی کا مرکزی کردار ہر صورت تسلیم کیا جانا چاہیے۔ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت کا احترام کیے بغیر کوئی بھی حل قابلِ عمل نہیں ہو سکتا۔

نائب وزیراعظم نے غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کے اسرائیلی اقدامات کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا پہنچ چکے ہیں، جہاں اجلاس کے دوران ان کی امریکی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button