کھلاڑیوں کیساتھ ظلم زیادتی ہوتی رہے گی جب تک ہاکی فیڈریشن کو سیاسی تقرریوں سے پاک صاف نہیں کیا جائیگا،خواجہ آصف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیر دفاع خواجہ آصف آسٹریلیا میں پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ پیش آنے والے ناروا انتظامی رویے کے بعد قومی ہاکی ٹیم کے معاملات پر بول پڑے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم نے کھیلنے سے انکار کردیا، کھلاڑیوں کے ساتھ ظلم زیادتی ہوتی رہے گی جب تک ہاکی فیڈریشن کو سیاسی تقرریوں سے پاک صاف نہیں کیا جائے گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم سیاسی جماعتوں والے اتنی سیاست نہیں کرتے جتنی ہاکی فیڈریشن میں ہے اور سلسلہ سالوں سے جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ  قومی کھیل کو برباد کر دیا، کوئی ان کے مالی معاملات کی چھان بین کرے۔ انشا ء اللہ اسمبلی اور متعلقہ کمیٹی میں معاملات آئیں گے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے دورے میں پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے غیر معیاری سہولیات کی ویڈیو سامنے آئی تھی جبکہ وطن واپس پہنچنے پر قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے بھی کہا تھا کہ ہم غیر معیاری رہائش فراہم کی گئی، لڑکے اپنے برتن اور کپڑے خود دھوتے رہے۔

عماد بٹ نے موجودہ ہاکی مینجمنٹ کے ساتھ مزید کام کرنے سے انکار کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے مطالبہ کیا تھا کہ معاملے کا فوری ایکشن لیا جائے کیونکہ ہمارے پاس ورلڈکپ کے لیے بہت کم وقت باقی رہ گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button