ایبٹ آباد کالج کے3پروفیسر مختلف بیماریوں سے ایک ہی دن میں انتقال کرگئے

ایبٹ آباد(جانوڈاٹ پی کے)گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر1 ایبٹ آباد کے 3سینئر اور قابل احترام اساتذہ مختلف امراض میں مبتلا رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔ کالج کے علمی حلقوں نے ایک ہی دن میں 3پروفیسرز کی اچانک اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پوسٹ گریجویٹ کالج ایبٹ آباد کی انتظامیہ کے مطابق انتقال کرنے والے اساتذہ میں شعبہ پاکستان سٹڈیز کے پروفیسر نوید خان، شعبہ اکنامکس کے پروفیسر ماجد خان اور شعبہ اسلامیات کے چیئرمین پروفیسر فضل الرحمن شامل ہیں۔
تینوں اساتذہ اپنی علمی خدمات، تدریسی مہارت اور اعلیٰ اخلاق کے باعث اساتذہ اور طلبہ میں یکساں طور پر قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ پروفیسر نوید خان اور پروفیسر فضل الرحمان دل کے عارضہ کے باعث انتقال کر گئے جبکہ پروفیسر ماجد خان طویل عرصہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے، ان کی وفات سے نہ صرف کالج بلکہ پورے تعلیمی حلقہ میں ایک ناقابلِ تلافی خلا پیدا ہو گیا ہے۔
کالج کے اساتذہ، طلبہ اور انتظامیہ نے مرحومین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں اساتذہ نے اپنی زندگیاں علم کی ترویج اور طلبہ کی فکری و اخلاقی تربیت کیلئے وقف کر رکھی تھیں، ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر اور احترام سے یاد رکھا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر بھی سابق اور موجودہ طلبہ کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، جن میں مرحوم اساتذہ کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ طلبہ کے مطابق ان اساتذہ نے ہزاروں طلبہ کی علمی رہنمائی کی اور ان کی شخصیات کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا۔
شعبہ اکنامکس کے پروفیسر ماجد خان کی نماز جنازہ کیری رائیگی گلیات میں ادا کی گئی، چیئرمین شعبہ اسلامیات پروفیسر فضل الرحمن کی نماز جنازہ نواں شہر ایبٹ آباد میں ادا کی گئی جبکہ شعبہ پاکستان سٹڈیز کے پروفیسر نوید خان کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقہ بنوں میں ادا کی جائے گی۔ تعلیمی و سماجی حلقوں نے مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی، ان کی وفات کو علمی دنیا کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔



