سوئی سدرن گیس کا رمضان المبارک کا شیڈول جاری ، 24 گھنٹوں میں صرف ساڑھے 4 گھنٹے سپلائی بند رہے گی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)سوئی سدرن گیس نے رمضان المبارک کے حوالے سے شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق  سپلائی دن کے 24 گھنٹوں میں سے صرف ساڑھے چار گھنٹے بند رہے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سوئی گیس نے سحر و افطار کے وقت گھریلو صارفین کو پریشر کے ساتھ گیس فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ایس ایس جی سی ترجمان کے مطابق رمضان المبارک میں صارفین کی سہولت کیلیے سحری سے قبل رات تین بجے سے اگلی رات ساڑھے 10 بجے تک مسلسل گیس فراہم کی جائے گی۔

اسی طرح رات ساڑھے 10 بجے سے 3 بجے تک سپلائی معطل رہے گی۔

ترجمان نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی سحری اور افطاری کی تیاریوں کے لیے گیس کے بہترین پریشر کو یقینی بنائے گی تاکہ صارفین کو بالخصوص سحری اور افطاری میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔

ترجمان نے بتایا کہ ملکی ذخائر میں ہر سال گیس کے ذخائر میں 10 فیصد تک کمی کے باوجود حکومت نے رمضان المبارک کے دوران کمپنی کو اضافی گیس فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے باعث صارفین کو سہولت دی گئی ہے۔

مرکزی ترجمان سلمان احمد صدیقی نے کہا کہ گیس فراہمی کے دوران اگر صارفین کو پریشر کی کمی یا فراہمی نہ ہونے کی شکایت ہو تو وہ ہیلپ لائن 1199، موبائل ایپ یا قریبی کسٹمر فیسلٹیشن سینٹر پر شکایت درج کروائیں جس کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپریسر سے گیس کا استعمال قانونا جرم اور غیر اخلاقی عمل ہے جس کی وجہ سے پڑوسیوں کو مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، اگر ایسا کوئی بھی شخص نظر میں ہو تو اُس کی فوری طور پر 1199 پر اطلاع دیں جس پر نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا اورایسے شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس کے تحت بھاری جرمانہ، قید اور طویل عرصے کیلیے گیس کنکشن کی معطلی ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button