حیدرآباد تا کھوکھراپار ریلوے ٹریک پر اپ ڈاؤن ٹرینوں کی تاخیر کا نوٹس، جانچ میں شکایات بے بنیاد قرار

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) میرپورخاص۔ حیدرآباد اور میرپورخاص۔ کھوکھراپار سیکشن پر چلنے والی ٹرین نمبر 155 اپ اور 156 ڈاؤن، جو حیدرآباد اور میرپورخاص ریلوے سیکشن کے درمیان چلتی ہیں، جبکہ میرپورخاص سے کھوکھراپار کے درمیان چلنے والی ٹرین نمبر 219 اپ اور 220 ڈاؤن کے بارے میں بعض مقامی اخبارات میں تاخیر سے چلنے کی شکایات شائع ہوئی تھیں۔

ان شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے محمود الرحمن لاکھو نے گزشتہ روز انسپکشن کی۔ اس دوران میرپورخاص۔ حیدرآباد اور میرپورخاص۔ کھوکھراپار سیکشن پر چلنے والی مارئی پسنجر اور سمن سرکار ایکسپریس ٹرینوں (155 اپ، 156 ڈاؤن، 219 اپ اور 220 ڈاؤن) کا دسمبر 2025 اور جنوری، فروری 2026 کا پنکچوئلٹی ریکارڈ پیش کیا گیا۔

ریکارڈ اور ٹرین پنکچوئلٹی رجسٹر کے مطابق مذکورہ ٹرینیں مقررہ وقت کے مطابق چل رہی ہیں۔ بعض اخبارات میں شائع ہونے والی تاخیر کی خبروں کو تخریب کاری قرار دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اس نوعیت کی خبریں ریلوے مخالف عناصر اور مقامی ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کی جانب سے پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ ریل سروس کو ناکام بنایا جا سکے۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے کراچی محمود الرحمن لاکھو نے متعلقہ افسران اور سیکشن پر تعینات عملے کو ہدایت جاری کی ہے کہ سمن سرکار ایکسپریس اور مارئی پسنجر ٹرین کی سروس کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد میرپورخاص اور تھرپارکر کے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے تمام اسٹیشن ماسٹرز، ٹریفک انسپکٹرز اور سیکشن کنٹرولرز کو بھی ہدایت کی کہ ٹرینوں کی پنکچوئلٹی برقرار رکھی جائے تاکہ میرپورخاص اور تھرپارکر کے عوام کو آرام دہ سفر میسر آ سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پروپیگنڈا کرنے والے عناصر عوام کے خیر خواہ نہیں، تاہم ریلوے انتظامیہ ٹرین سروس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button