بے شک یہ عظیم ماہ مقدس اللہ کی خصوصی عنایت ہے،صدراور وزیر اعظم کی قوم کو رمضان کی مبارکباد

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے رمضان المبارک 1447 ھ کے بابرکت آغاز پر خصوصی پیغام جاری کر دیاہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ماہ رمضان المبارک کے بابرکت آغاز پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بے شک یہ عظیم ماہ مقدس اللہ تعالیٰ کی خصوصی عنایت ہے، رمضان عبادت،تقویٰ وپرہیزگاری اور روحانی پاکیزگی کا موقع فراہم کرتا ہے، رمضان المبارک عبادت کی حقیقی روح،معاشرتی ذمہ داریوں اور حقوق العباد کا احترام ہے، روزہ روزمرہ زندگی میں صبر،نظم وضبط اور احساس ذمہ داری کی عملی تربیت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں اجتماعی خیرسگالی اور کمزور طبقہ کی فلاح وبہبود کا پیغام دیتا ہے، حکومت نے کمزور طبقات کی ہرممکن معاونت کیلئے رمضان پیکج کا آغاز کیا ہے، دعا گو ہیں اللہ تعالیٰ مقدس مہینے کی حقیقی عملی تربیت پر عمل پیرا ہونے کی توفیق دے، اللہ تعالیٰ ہماری انفرادی و اجتماعی عبادات اور نیک اعمال کو شرف قبولیت بخشے، اللہ پاک پاکستان کو امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنا دے۔ آمین!
صدر مملکت نے کہا کہ رمضان رحمت،مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے، بابرکت مہینےکی آمد پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، رمضان ہمیں تقویٰ،صبر،ایثار اور اللہ سے قربت کا درس دیتاہے، رمضان ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں اصلاح کا بہترین موقع ہے، رمضان ہمیں امید،صبر اور اجتماعی یکجہتی کا پیغام دیتاہے۔



