لاہور کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے سے موسم خوشگوار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے، جس کے باعث موسم میں واضح تبدیلی دیکھی گئی اور فضا خوشگوار ہو گئی۔
علامہ اقبال ٹاؤن، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ روڈ، چوبرجی اور جیل روڈ کے اطراف ہلکی بوندا باندی ہوئی، جس سے خشک موسم کا تسلسل ٹوٹ گیا اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں سردی برقرار رہ سکتی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان، ساحلی و بالائی سندھ اور پاڑاچنار کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں موسم کے اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔



