کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کا بڑا آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک، 3 اہلکار زخمی

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے) کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ مقابلے کے دوران 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام دہشت گرد مارے گئے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے بتایا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ کارروائی کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا۔

ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی بلوچستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا اور کہا کہ اس کارروائی سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے گئے ہیں۔

محسن نقوی نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے 3 اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

مزید خبریں

Back to top button