پیپلز پارٹی اب خاموش نہیں رہے گی، گالی کا جواب گالی سے ہوگا، حسن مرتضیٰ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف اور اس کے سوشل میڈیا رویّے پر سخت تنقید کی اور واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کی برداشت کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ گزشتہ ایک دو دنوں سے تحریک انصاف کی جانب سے “طوفانِ بدتمیزی” برپا کیا گیا ہے اور سوشل میڈیا پر صدر آصف علی زرداری کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی کارکنوں سے مخاطب ہیں، کسی زومبی کلچر یا کلٹ سے نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے پاس وہ تمام معلومات موجود ہیں جو آج کل زبان زدِ عام ہیں، مگر فرق صرف تربیت اور سیاسی اقدار کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی تربیت بے نظیر بھٹو نے کی، جو گالی اور کردار کشی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی تھیں۔

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ بی بی شہید کی ذات پر کیچڑ اچھالنا ناقابلِ برداشت ہے اور انہوں نے بختاور بھٹو کو خراجِ تحسین پیش کیا کہ انہوں نے خود ٹویٹ ڈیلیٹ کر کے سیاسی وقار کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پیپلز پارٹی کی قیادت اور خاندانوں کو نشانہ بنایا گیا تو یہ آخری پریس کانفرنس ہوگی جس میں ضبط کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق، آئندہ پیپلز پارٹی بھی جواب دینا جانتی ہے اور تمام اسکینڈلز پر کھل کر بات کی جائے گی۔

حسن مرتضیٰ نے پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا مہمات کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ شہداء اور قومی اداروں کی تضحیک کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جیلیں، کوڑے اور پھانسیاں برداشت کیں مگر جمہوری اقدار سے پیچھے نہیں ہٹی۔

پریس کانفرنس میں عائشہ نواز چودھری، احسن رضوی، نیلم جبار، راؤ بابر جمیل، ذیشان شامی، حسن اشرف بھٹی اور حسنین راجپوت بھی موجود تھے۔ مقررین نے متفقہ طور پر کہا کہ آج کے بعد گالی کا جواب گالی سے اور کردار کشی کا جواب بھرپور سیاسی ردعمل سے دیا جائے گا۔

آخر میں حسن مرتضیٰ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دیا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button