سی ٹی ڈی نے کراچی کو بڑی دہشت گردی سے بچا لیا، شاہ لطیف ٹاؤن میں چار دہشت گرد ہلاک

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر قائد کو ایک بڑی دہشت گردی سے بچا لیا۔ کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقہ شاہ لطیف ٹاؤن میں سی ٹی ڈی نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، سی ٹی ڈی نے گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر ایک گھر پر چھاپہ مارا تو اندرموجود دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔

فائرنگ سے دو پولیس اہلکار اور نشاندہی کیلئے لائے گئے تین دہشتگرد زخمی ہو گئے، سی ٹی ڈی نے گھر میں موجود ایک دہشتگرد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، کلاشنکوف اور ہینڈ گرینڈ برآمد کرلی، زخمی دہشتگرد ہسپتال منتقلی کے دوران ہلاک ہو گئے۔

ہلاک دہشتگردوں میں جلیل عرف فرید، نیاز عرف کنگ اور حمدان عرف فرید شامل ہے، جبکہ مارے گئے ایک دہشتگرد کی شناخت نہیں ہوسکی، گھر کے اندر ڈرموں میں آئی ڈیز تیار کی گئی تھیں، بم ڈسپوزل سکواڈ نے سرچنگ کے بعد گھر سے ڈیٹونیٹرز، ڈیٹونیٹک وائر اور سرکٹ بھی برآمد کر لئے۔

بم ڈسپوزل سکواڈ نے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا، زخمی سی ٹی ڈی اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ مارے گئے دہشتگردوں کے مزید ساتھیوں کو پکڑنے کیلئے بھی کارروائی شروع کر دی گئی۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق زخمی پولیس اہلکاروں میں ہیڈ کانسٹیبل محمد یوسف اور سپاہی راجہ جنید شامل ہیں، جن کو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر نے بتایا کہ ہلاک دہشتگردوں کا تعلق فتنۃ الہندوستان بشیر زیب نیٹ ورک سے تھا، 2 سے 3 دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

مزید خبریں

Back to top button