شانگلہ میں سی ٹی ڈی کا بڑا آپریشن: فتنہ الخوارج کے سرغنہ سمیت 3 دہشت گرد ہلاک، 3 پولیس اہلکار شہید

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ضلع شانگلہ کے علاقے کبل گرام میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں فتنہ الخوارج کا سرغنہ نور اسلام عرف سلمان بھی شامل ہے۔ کارروائی پولیس اور ایلیٹ فورس کے تعاون سے کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد پہاڑی غاروں میں چھپے ہوئے تھے اور فورسز کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد غیر ملکی باشندوں پر حملوں سمیت متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ تاہم اس کارروائی میں تین پولیس اہلکار شہید ہو گئے، جن میں حوالدار مقبول احمد، پولیس اہلکار فدا حسین اور سعید الرحمان شامل ہیں۔

حکام نے بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button