تھر سائنس اینڈ آرٹس فیسٹیول میں سیف کے تعاون سے چلنے والے104اسکولوں کے طلبہ کی مہارتی نمائش

تھرپارکر (رپورٹ:میندھرو کاجھروی / جانو ڈاٹ پی کے)ریگستانی ضلع تھرپارکر کے مختلف علاقوں سے سو سے زائد اسکولوں نے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقدہ تھر سائنس اینڈ آرٹس فیسٹیول میں شرکت کی، جہاں نوجوان طلبہ کو “کل کے سائنسدان اور فنی ماہر” قرار دیا گیا۔

“سیف اِن اسٹیم” کے تھیم کے تحت آل سیف اسکول پارٹنرز تھرپارکر کی جانب سے بینظیر بھٹو کلچرل کمپلیکس میں منعقدہ اس فیسٹیول میں تھرپارکر کی 37 یونین کونسلز سے تعلق رکھنے والے 104 سیف کے تعاون یافتہ اسکولوں نے حصہ لیا۔ تقریب میں ہزاروں طلبہ، اساتذہ، کمیونٹی کے افراد اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیف کے منیجنگ ڈائریکٹر غنوار علی لغاری نے کہا کہ سندھ کے انتہائی پسماندہ علاقوں سے ابھرنے والی صلاحیتوں کو دیکھنا باعثِ فخر ہے۔انہوں نے مزید اعلان کیا کہ اب تھر میں سائنس فیسٹیول ہر سال سیف اسکول پارٹنرز کے تعاون سے منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت میرٹ پر مبنی اسکالرشپس میں اضافہ کر رہی ہے اور اس سال صوبے کے 350 طلبہ اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے خاص طور پر تھر کے طلبہ، خصوصاً طالبات پر زور دیا کہ وہ معیاری اسکولوں اور کالجوں میں داخلے کے لیے آگے آئیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ اب تھر کی بچیاں بھی کیڈٹ کالج نواب شاہ میں اسکالرشپ حاصل کرنے کی اہل ہوں گی، جسے انہوں نے علاقے کی بیٹیوں کے لیے ایک بڑا موقع قرار دیا۔شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے انہوں نے کہا کہ ماڈل پیش کرنے والی ہر طالبہ کو 2000 روپے اور ہر طالب علم کو 1000 روپے انعام دیا جائے گا۔

منیجنگ ڈائریکٹر نے اسسٹنٹ کمشنر مٹھی ڈاکٹر عمیر اشرف، ماہرین تعلیم پرتپ شیوانی اور اشوک اوڈھانو، سیف ڈائریکٹر فنانس الطاف آزاد، ریجنل ہیڈ میرپورخاص علی شاہوانی، ڈسٹرکٹ ہیڈ تھرپارکر نریش کمار، ڈپٹی ڈائریکٹر ای سی یو مولانا زبیدی اور دیگر کے ہمراہ طلبہ کے تیار کردہ سائنس اور آرٹس ماڈلز کے اسٹالز کا بھی معائنہ کیا۔“تھر میں سیف کا اثر” کے عنوان سے ایک پینل مباحثہ بھی منعقد ہوا جس کی نظامت سیف کے ترجمان سنجی مٹھرا نے کی۔ پینل میں اشوک اوڈھانو، اوبھایو جونیجو، خالد کنبھر اور کنول نوید شریک تھے۔ مقررین نے کہا کہ یہ فیسٹیول پسماندہ علاقوں تک سیف کی رسائی کا ثبوت ہے اور فاؤنڈیشن دور دراز علاقوں میں مفت اور معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں اور شرکاء میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

مزید خبریں

Back to top button