سپریم کورٹ نے عمران خان کی آنکھوں کےمعائنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھوں کے معائنے سے متعلق معاملے پر سپریم کورٹ نے 12 فروری کا 7 صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کر دیا جب کہ اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کرکے بانی کے علاج اور دیگر اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق بانی کی دائیں آنکھ کی بینائی علاج کے بعد 67/70فیصد بحال ہے۔

سپریم کورٹ کے تحریری حکمنامے کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی لیونگ کنڈیشن سے متعلق فرینڈ آف دی کورٹ نے رپورٹ جمع کرا دی جبکہ فرینڈ آف دی کورٹ اور جیل سپریٹنڈنٹ کی رپورٹس کے بعد 23 اور 24 اگست 2023 کے حکمنامے پر عمل درآمد ہو چکا ہے۔

سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے23اور24اگست2023کے احکامات کے احترام میں سماعت کی اور ان عدالتی سماعتوں میں کہا گیا تھا کہ مزید کارروائی سے قبل ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ کے مطابق ہائیکورٹ میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف توشہ خانہ سے متعلق اپیل زیر التواء ہے اور درخواست گزار کو حق ہے کہ وہ تمام اعتراضات ہائیکورٹ کے سامنے اٹھائے۔عدالت نے کہا کہ حقائق سے واضح ہوتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے لیونگ کنڈیشن پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے کوئی ایسی شکایت نہیں کی جس سے موجودہ سہولیات سے بڑھ کر کسی اضافی انتظام کی ضرورت ہو۔سپریم کورٹ کے مطابق فرینڈ آف دی کورٹ اور جیل سپریٹنڈنٹ کی رپورٹس میں لیونگ کنڈیشن سے متعلق اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے بانی پی ٹی آئی کے بچوں قاسم اور سلیمان سے ٹیلیفونک رابطے کرانے کی یقین دہانی کرائی۔سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ عدالت کو بانی پی ٹی آئی کی جیل میں رہائشی حالات سے متعلق خدشات دور ہو چکے ہیں اور 24 اگست 2023 کے حکم میں ظاہر خدشات دور ہو چکے ہیں جبکہ اس حکم کی تعمیل بھی ہو چکی ہے۔سپریم کورٹ کے مطابق زیر سماعت درخواستیں میرٹس کی بنیاد پر غیر موثر ہو چکیں، پہلی دو درخواستوں میں چیلنج کیے گئے ٹرائل کورٹ کے احکامات 5 اگست 2023 کے توشہ خانہ کے حتمی فیصلے میں ضم ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button