بچے کی پیدائش پر والد کو بھی چھٹی دینا لازم قرار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت فوزیہ وقار نے ایک اہم فیصلے میں بچے کی پیدائش پر والد کو بھی 30 دن کی پیٹرنٹی رخصت دینا لازمی قرار دے دیا ہے۔
پیٹرنٹی رخصت نہ دینے پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ فوسپاہ کے حکم کے مطابق جرمانے کی رقم میں سے 4 لاکھ روپے شکایت گزار افسر سید باسط علی کو ادا کیے جائیں گے جبکہ 1 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کروائے جائیں گے۔
وفاقی محتسب نے اسٹیٹ بینک کو حکم دیا ہے کہ شکایت گزار افسر کو مختلف تنخواہ کے ساتھ 30 دن کی پیٹرنٹی رخصت دی جائے اور میٹرنٹی و پیٹرنٹی رخصت ایکٹ 2023 کے تحت باقاعدہ پالیسی تشکیل دی جائے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرنٹی رخصت سے انکار صنفی بنیاد پر ہراسمنٹ کے مترادف ہے، جبکہ میٹرنٹی رخصت دینا اور پیٹرنٹی رخصت سے انکار صنفی امتیاز ہے۔ فوسپاہ کے مطابق بچوں کی دیکھ بھال صرف خواتین کی ذمہ داری نہیں بلکہ والدین کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور پیٹرنٹی رخصت سے انکار بچے کے بہترین مفاد کے خلاف ہے۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن کے ایک افسر نے پیٹرنٹی رخصت نہ ملنے پر فوسپاہ سے رجوع کیا تھا، جس پر بینک نے پالیسی نہ ہونے کا جواز بنا کر درخواست مسترد کر دی تھی۔



