ڈی سی ٹھٹھہ کی زیر صدارت اجلاس، محکمہ جنگلات کی اراضی کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن، نمائندہ جانوڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت کی زیر صدارت ان کے دفتر میں این جی او کے نمائندوں اور محکمہ جنگلات کے افسران کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا
اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے سندھ پیپلز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن (SPHF) کی پیش رفت اور جنگلاتی اراضی پر غیر قانونی تجاوزات کے متعلق تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ہینڈز این جی او کے نمائندوں نے سندھ پیپلز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے جاری منصوبے کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کو بروقت مکمل کرنے ، شفافیت یقینی بنانے اور مستحق افراد تک سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کا مقصد کم آمدنی والے افراد کو معیاری اور محفوظ رہائش کی سہولت فراہم کرنا ہے ، اس لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مزید تیزی کے ساتھ کام کریں۔
بعد ازاں محکمہ جنگلات کے افسران کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں جنگلاتی زمینوں پر غیر قانونی تجاوزات کے مسئلے پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں اور ان پر کسی بھی قسم کی تجاوزات ناقابلِ برداشت ہیں ۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور سرکاری اراضی کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری کے فروغ اور جنگلاتی رقبے میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ نہ صرف قدرتی ماحول کے لیے ضروری ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔
اجلاس کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن منصوبے کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا جبکہ جنگلاتی اراضی سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اپنائی جائے گی تاکہ سرکاری زمین کو محفوظ بنایا جا سکے اور قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔



