7 ماہ کی حاملہ خاتون سے اجتماعی زیادتی، ملزمان گرفتار

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)کاہنہ کے علاقے میں حاملہ خاتون سے اجتماعی زیادتی کا انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جس پر کاہنہ پولیس نے 15 کال پر فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور ٹریسنگ سسٹم کی مدد سے ملزمان کو جوہر ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا۔ مقدمے کی تمام کارروائی کی ذاتی نگرانی ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کر رہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون سات ماہ کی حاملہ تھی اور ایک نجی کٹرنگ کمپنی میں بطور ویٹر کام کرتی تھی۔
تحقیقات کے مطابق کٹرنگ کمپنی کے مالک نے کام کا جھانسہ دے کر خاتون کو ڈیفنس روڈ پر واقع ایک نجی سوسائٹی کے گھر بلایا، جہاں اس نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق جب خاتون نے مزاحمت کی تو ایک ملزم نے تشدد کرتے ہوئے تھپڑ بھی مارا۔ واقعے پر تھانہ کاہنہ میں دفعہ 375-A کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان عباس اور اعظم کو مزید تفتیش کیلئے جنڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی شہربانو نقوی نے واضح الفاظ میں کہا کہ “خواتین کا استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، قانون اپنی پوری طاقت سے حرکت میں آ چکا ہے۔”



