وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر آسٹریا روانہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر کی خصوصی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر ویانا روانہ ہو گئے۔

پاکستانی وفد میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔

وزیراعظم ویانا میں فیڈرل چانسلری میں کرسچیئن اسٹاکر سے دو طرفہ اور وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنما سرمایہ کاری میں اضافہ کے لیے معروف کاروباری افراد کے اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے، جس کے بعد وزیراعظم آسٹریا بزنس فورم میں شرکت اور خطاب کریں گے۔

مزید برآں، شہباز شریف اقوام متحدہ کے تحت خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے جس کا موضوع ہے: "پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ”۔ اس موقع پر وہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔

یہ سرکاری دورہ پاکستان اور آسٹریا کے تعلقات میں نئی جہتیں متعارف کرانے اور دو طرفہ تعاون کو مستحکم کرنے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button