حکومت کا بڑا فیصلہ: بانی پی ٹی آئی کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کا اعلان، میڈیکل بورڈ بھی قائم

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)وفاقی حکومت نے بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو صحت کی بنیاد پر جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس پیش رفت کا اعلان وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کیا۔

ڈاکٹر طارق فضل چودھری کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو اپنے بیٹوں سے ٹیلی فون پر بات کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جبکہ ان کی صحت کے پیش نظر انہیں ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت نے اس معاملے پر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے تاکہ طبی امور کی شفاف اور پیشہ ورانہ نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت انسانی ہمدردی اور قانونی تقاضوں کو مقدم رکھتی ہے اور ہر قیدی کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت جیسے حساس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے پاکستان تحریک انصاف پر زور دیا کہ وہ بے بنیاد پروپیگنڈا اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے، اس لیے اس معاملے کو سیاست کی نذر کرنے کے بجائے قومی سنجیدگی، برداشت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button