لاہور ہائیکورٹ کا بغیر اجازت شادی پر شوہرکو پہلی بیوی کو 10لاکھ روپے حق مہرکی رقم فوری دینےکا حکم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور ہائی کورٹ نے قرار  دیا ہےکہ بیوی کی  اجازت کے بغیر  ایک  اور  شادی کرنے  پر شوہر  پہلی بیوی کو مہر کی  رقم فوری دینےکا پابند ہے۔

جسٹس عابد حسین چٹھہ نے خاتون مہناز سلیم کی درخواست پر 8 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ فیملی کورٹ نے2024 میں شوہر کو عدت کے دوران 15ہزار خرچ، حق مہرکے 10 لاکھ روپے ماہانہ 45 ہزار قسطوں میں ادا کرنے اور بیوی کو سامان جہیز کی قدرو قیمت کےمطابق 10لاکھ 500 ادا کرنےکا حکم دیا۔

فریقین نے سیشن کورٹ میں اپیل دائر کی، ٹرائل کورٹ نے شوہر کی اپیل جزوی طور پر منظور کرلی تو درخواست گزار  نے لاہور ہائی کورٹ سےرجوع کیا ۔

درخواست گزار کے مطابق  شوہر  نے بغیر  اجازت ایک اور شادی کی،  شوہر نے اسے 3کپڑوں میں گھر سے نکال دیا، ریکارڈ کےمطابق شوہر نے بیوی کو صرف پہلی شادی کا بتایا جس میں بیوی فوت ہوچکی تھی، شادی کےبعد بیوی کو پتہ چلا کہ شوہرپہلے سےدوسری شادی کرچکا ہے اور درخواست گزار  تیسری بیوی ہے۔

فریقین کےدرمیان یہی وجہ تنازع بنا،درخواست گزار نےشوہر کا گھر چھوڑنےکی ٹھوس وجوہات بتائیں، یہ کہیں ثابت نہیں ہوا کہ درخواست گزار نے مِس کنڈکٹ یا نافرمانی کےباعث گھر چھوڑا۔

عدالت نےقرار دیا کہ اگر شوہر بغیر اجازت ایک اور شادی کرلےتو  وہ پہلی بیوی کو فوری حق مہر کی رقم دینےکا پابند ہے، اس شق کا مقصد بیوی کے مالی حقوق کا تحفظ اور من مانی یا دھوکا دہی پر مبنی مزید شادیوں سے روکنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button