جماعت اسلامی کی سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنےکی کوشش، پولیس کا لاٹھی چارج اور شیلنگ، متعددکارکن گرفتار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ اسمبلی جانے کی کوشش کرنے والے جماعت اسلامی کے کارکنوں پر پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔
پولیس نے جماعت اسلامی کے کارکنوں پر شیلنگ کرکے انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی، آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج سے جماعت اسلامی کا ایک کارکن زخمی ہوگیا۔
پولیس نے جماعت اسلامی کا ساؤنڈ سسٹم لگا ٹرک قبضے میں لےکر جماعت اسلامی کے 10 کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔
جماعت اسلامی کے کارکنوں کے پتھراؤ سے متعدد پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
اس حوالے سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہےکہ پیپلز پارٹی کی فسطائیت پورا ملک دیکھ رہا ہے، پرامن شہریوں پر آنسو گیس کی شیلنگ اور دھرنےسے روکنا بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، بااختیار شہری حکومت کراچی کا حق ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہےکہ جماعت اسلامی کو بتادیا تھا کہ ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہے، جماعت اسلامی کے مشتعل کارکنوں نے ریڈ زون میں داخل ہوکر پتھراؤ کیا، کسی کو قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کےکارکنوں نے سندھ اسمبلی میں گھسنے کی کوشش کی، پولیس پرپتھراؤ کیا گیا جس پرپولیس کو آنسوگیس کی شیلنگ اورکارکنوں کو گرفتار کرنا پڑا، حافظ نعیم بتائیں آج ہفتہ ہے اسمبلی بند ہے آج یہ کرنےکی کیا ضرورت تھی؟
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ریڈزون میں داخلے پرپابندی ہےکیا حافظ نعیم یا جماعت اسلامی آسمان سے اترے ہیں؟ جماعت اسلامی کو مظاہرہ کرنا ہے توکسی گراؤنڈ میں کرے، جماعت اسلامی نےکچھ عرصہ قبل بھی شارع فیصل پرمظاہرہ کیا تھا، اس دوران ایمبولینسز رک گئیں،لوگوں کی فلائٹس مس ہوگئیں، جماعت اسلامی بتائے اسمبلی میں اندر داخل ہوکر کیا کرنا چاہتےہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی صوبےکی اہم عمارت ہے، اس میں جماعت اسلامی کے کارکنوں کو مسلح ہوکر یا ڈنڈے لےکر داخل ہونے نہیں دیا جائےگا، جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ریڈزون میں داخل ہوکر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی،کسی کو غنڈہ گردی کرنےکی اجازت نہیں دی جائےگی کہ پولیس پرپتھراؤ کرے۔
نجی ٹی وی سےگفتگو میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرکا کہنا تھا کہ ہم شہر کے بنیادی حقوق اور پانی کی فراہمی کے لیے نکلے ہیں، پیپلزپارٹی شہر کو حقوق دینےکو تیار نہیں، ہمارےکارکنوں پر تشدد کیا گیا اور شیلنگ کی گئی۔
منعم ظفر کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن نے جھوٹ بولنے میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے، کارکنوں پر تشدد، آنسوگیس کی شیلنگ اور گرفتاری کسی صورت قبول نہیں۔
خیال رہےکہ جماعت اسلامی نے آج 14 فروری کو کراچی کے حقوق کے لیے سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنا دینےکا اعلان کیا تھا۔



