تھرپارکر:عوامی تحریک کے رہنما مگھن مل عرف مگھنو کولہی انتقال کرگئے، سیاسی و سماجی حلقوں میں سوگ

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی)ننگرپارکر کی قداور شخصیت اور عوامی تحریک کا بانی رہنما رسول بخش پلیجو کے قریبی ساتھی مگھن مل عرف مگھنو کولہی گزشتہ روز اس فانی دنیا سے رخصت ہو کر اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

مسکین جہان خان کھوسو کے بعد مگھنو کولہی نے پارکر کے پسے ہوئے، مظلوم اور نادار کولہی طبقے کی بھرپور نمائندگی کی۔ ان کا سیاسی تعلق عوامی تحریک اور رسول بخش پلیجو سے تھا اور انہیں پلیجو کا نہایت قریبی ساتھی سمجھا جاتا تھا۔

انہوں نے ننگرپارکر میں ہاریوں، مزدوروں اور دیگر مظلوم طبقات کی رہنمائی کی اور ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ اگرچہ ان کا تعلق آدھی گام ننگرپارکر سے تھا، لیکن انہوں نے پورے سندھ میں کولہی برادری کی عوامی تحریک کے پلیٹ فارم سے نمائندگی کی۔

انہوں نے کئی بار غریبوں کے حقوق کے لیے جیل بھی کاٹی، مگر کبھی ہمت نہیں ہاری۔ مگھنو کولہی کارونجھر کے خلاف تمام فیصلوں کے خلاف چٹان کی طرح ڈٹے رہے، اور تحریکیں چلائیں جو تاریخ کا حصہ بن گئیں۔

عوامی تحریک کے مرکزی رہنما ایڈووکیٹ وسند تھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نہ صرف ننگرپارکر اور تھرپارکر بلکہ پورے سندھ سے ایک مخلص، دلیر اور سچے وفادار ساتھی سے محروم ہو گئے ہیں۔

ان کی عوامی تحریک میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ دوسری جانب عوامی تحریک تھرپارکر کے صدر ایڈووکیٹ دیال سحرائی نے کہا کہ مگھنو کولہی پارٹی کا ایک سچا اور وفادار سرمایہ تھے۔ انہوں نے ہمیشہ محترم رسول بخش پلیجو سے وفاداری نبھائی۔ کئی بار تکالیف اور جیل برداشت کرنے کے باوجود وہ عوامی تحریک کے ساتھ ثابت قدم رہے، اور پارٹی ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button