وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات، سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ملک بھر کی سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موجودہ حالات اور سیکیورٹی انتظامات پر بھی جامع بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ اسلام آباد میں سیکیورٹی سے متعلق معاملات اور دیگر انتظامی امور کو نہایت احسن اور مؤثر انداز میں حل کیا جائے، تاکہ شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
ملاقات میں وزیر داخلہ محسن نقوی کے مجوزہ دورۂ سری لنکا پر بھی گفتگو ہوئی، جہاں وہ سری لنکن صدر کو وزیراعظم پاکستان کا خصوصی پیغام پہنچائیں گے۔



