راجن پور اور کچے کے علاقے ڈاکوؤں سے 100٪ کلیئر، پنجاب مکمل طور پر محفوظ،مریم نواز

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ راجن پور اور کچے کے علاقے اب 100 فیصد ڈاکوؤں سے کلیئر کر دیے گئے ہیں اور پنجاب مکمل طور پر محفوظ ہے۔
کچے میں آپریشن پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے ان علاقوں میں ریاست کے اندر ایک ریاست قائم کر رکھی تھی اور خوف و دہشت کا ماحول پیدا کر رکھا تھا، لوگ اغوا اور ہنی ٹریپ کے شکار ہوتے تھے۔
مریم نواز نے کہا کہ رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کیا گیا، جس میں پاک فوج نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور مدد کی۔ آپریشن کے دوران جدید ترین ٹیکنالوجی، ڈرون کیمرے اور ہیومن سرویلنس استعمال کی گئی تاکہ ہر ڈاکو کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے سندھ پولیس اور حکومت سندھ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آپریشن میں تعاون فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقے اب قانون کے تحت آ چکے ہیں، حکومت کی رٹ بحال ہو گئی ہے اور اس آپریشن میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مزید کہا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہے، 500 سے زائد ڈاکوؤں نے سرنڈر کیا اور اب ان کے لیے کوئی پناہ گاہ موجود نہیں۔
مریم نواز نے یقین دلایا کہ پنجاب میں اب عوام محفوظ ہیں اور قانون کی حکمرانی مضبوط ہو چکی ہے۔



