سندھ نے دہشت گردی پر قابو پا لیا، کچے کے ڈاکوؤں کا بھی خاتمہ ہوگا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)وزیر اعلیٰ  سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ نے دہشت گردی پر قابو پا لیا ہے اور اب کچے کے ڈاکوؤں کا خاتمہ بھی کیا جائے گا۔

سعید آباد میں پولیس ٹریننگ سینٹر کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سندھ پولیس نے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی ہیں، اور پولیس کے بہادر افسران و جوانوں کی بدولت صوبے میں امن قائم ہوا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے دادو میں تین سپاہیوں کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے افسران اور جوانوں نے چند ماہ میں بہادری کی شاندار مثال قائم کی۔ کراچی میں سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی علی رضا کو بھی شہید کر دیا گیا تھا۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ پچھلے سال جنوری تا دسمبر 2025 میں 1325 پولیس مقابلے ہوئے جن میں 207 ڈاکو ہلاک ہوئے، اور اس سال یکم جنوری تا آج تک 115 پولیس مقابلوں میں 27 ڈاکو ہلاک، 82 زخمی، 81 گرفتار اور 153 نے خود سرنڈر کیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پہلے کراچی میں دہشت گرد روزانہ کئی افراد کو نشانہ بنایا کرتے تھے، بم دھماکے اور ٹارگٹ کلنگ معمول تھے، لیکن آج سندھ دہشت گردی سے چھٹکارہ حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی طرف بھی توجہ دلائی اور کہا کہ سندھ پولیس ایسے ہی بہادری سے کچے کے ڈاکوؤں کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button