عمران خان کی صحت پر سیاست نہیں ہوگی، سہیل آفریدی

پشاور (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے تاحیات چیئرمین عمران خان  کی صحت پر نہ وہ خود سیاست کریں گے اور نہ کسی کو کرنے دیں گے، اور ان کا علاج فیملی اور ذاتی معالج کی نگرانی میں سب سے پہلی ترجیح ہوگی۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری قوم میں عمران خان کے لیے محبت اور جذبہ موجود ہے، جس کے باعث غم اور غصہ پایا جا رہا ہے، لیکن اس کو طاقت میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سخت اور نازک حالات میں اعصاب مضبوط رکھ کر حکمت سے جنگ لڑنی پڑتی ہے، اور عمران خان کی پوشیدہ حکمت عملی ہی ان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ عمران خان کے ساتھ طبی مذاق ناقابل قبول ہے اور ان کا بہترین علاج ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پرامن رہیں اور انتشاری عناصر پر نظر رکھیں تاکہ احتجاج کو کسی منفی سمت میں نہ لے جایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں اور صرف فیملی یا جماعت کی تصدیق شدہ معلومات پر اعتماد کریں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق عمران خان کا علاج 16 فروری تک مکمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاج کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کا بھی مکمل انتظام کیا جا رہا ہے، اور کچھ اقدامات عوام کے سامنے فی الحال نہیں لائے جا سکتے۔

سہیل آفریدی نے آخر میں قوم کو یقین دلایا کہ انشا اللہ، اعتماد، اتفاق اور سپورٹ سے عمران خان کا علاج جلد از جلد مکمل ہوگا اور ان کی صحت کی حفاظت ہر ممکن حد تک کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button