سی ٹی ڈی کے پنجاب بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 26 خطرناک دہشت گرد گرفتار

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر سی ٹی ڈی  نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 26 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں میں 286 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کیے گئے، جن کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، خوشاب، میاںوالی، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، چکوال، راجن پور، نارووال، پاک پتن اور سرگودھا سمیت مختلف اضلاع میں کارروائیاں کی گئیں۔

ترجمان نے بتایا کہ لاہور سے القاعدہ سے تعلق رکھنے والا ایک دہشت گرد گرفتار کیا گیا، جبکہ سرگودھا سےفتنہ الخوارج  کے چار انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا، جن کا تعلق غیر ملکی نیٹ ورک سے بتایا جا رہا ہے۔

گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 3 آئی ای ڈی بم، 19 ڈیٹونیٹرز، 34 فٹ حفاظتی فیوز وائر، پمفلٹس، نقدی اور پرائمہ کارڈز برآمد کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عرفان، ضامن علی، مجاہد علی، فیصل، شیراز، نعمت اللہ، اسامہ، غلام یاسین، یاسر، عمران اور دیگر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد مختلف مقامات پر تخریبی کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ مزید بتایا گیا کہ ایک ماہ کے دوران 4662 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن میں 538 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 160,009 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے واضح کیا کہ محکمہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے اور صوبے بھر میں کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button