قیامت خیز حادثہ: موٹر وے M-9 پر آئل ٹینکر، بس اور گاڑیوں کا تصادم، 14 جاں بحق، ایک ہی خاندان کے 12 افراد شامل

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)موٹر وے  پر آئل ٹینکر، مسافر بس اور متعدد گاڑیوں کے درمیان پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی ہے، جن میں ایک ہی خاندان کے 12 افراد شامل ہیں، جس کے باعث پورے علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں تین خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جس نے اس سانحے کو مزید المناک بنا دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور گاڑیوں کے بے قابو ہونے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں آئل ٹینکر، مسافر بس اور دیگر گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حادثے کے باعث موٹر وے پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ کرینوں کی مدد سے تباہ شدہ گاڑیوں کو ہٹایا جا رہا ہے تاکہ ٹریفک بحال کی جا سکے۔

اس افسوسناک واقعے پر جاویڈ عالم اوڈھو  انسپکٹر جنرل سندھ پولیس نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو جائے حادثہ پر پہنچنے اور ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کی ہدایت کی۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے علاقے کو محفوظ بنانے، ٹریفک کی فوری بحالی اور حادثے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق تصادم کے باعث آئل ٹینکر کو نقصان ضرور پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے کسی بڑے آتشزدگی کے واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا مکمل تعین کیا جا رہا ہے اور غفلت ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف  نے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button