اسلام آباد مسجد پر دہشت گرد حملہ: اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی شدید مذمت، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

نیویارک (جانوڈاٹ پی کے)اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے اسلام آباد میں مسجد پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
سلامتی کونسل کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس دہشت گرد کارروائی کے نتیجے میں کم از کم 32 افراد جاں بحق اور 92 زخمی ہوئے۔ سلامتی کونسل کے ارکان نے حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ دہشت گردی ہر صورت میں قابلِ مذمت جرم ہے اور اس کا کوئی جواز نہیں۔ سلامتی کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گرد حملوں میں ملوث عناصر، منصوبہ سازوں، مالی معاونین اور سرپرستوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
ارکان سلامتی کونسل نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں حکومتِ پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور United Nations کے منشور اور بین الاقوامی قوانین کے تحت دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنائیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردی بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے بدستور سنگین ترین خطرات میں شامل ہے اور اس کے خلاف عالمی سطح پر متحد ہو کر کارروائی ناگزیر ہے۔



