وزیرآباد ، سانحہ ترلائی اسلام آباد کی مذمت میں شیعہ علماء کونسل کی احتجاجی ریلی

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) سانحہ ترلائی اسلام آباد کی مذمت میں احتجاجی ریلی کا انعقاد،ریلی جامع مسجد علی محلہ شاہ صدق سے نکالی گئی جس میں شیعہ علماء کونسل اور ملت جعفریہ کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ریلی سے خطاب کرتے ہوے شیعہ علماء کونسل کے ضلعی راہنما علامہ ظہیر ذیشان جعفری نے کہا ہے کہ عبادت کے مقامات کو نشانہ بنانا انسانیت اور اسلام دشمن عناصر کی کھلی درندگی ہے، جس کا مقصد ملک میں خوف و ہراس پھیلانا اور مذہبی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف و فوری تحقیقات کرکے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قوم ایسے بزدلانہ حملوں سے مرعوب نہیں ہوگی اور دہشتگردی کے خلاف متحد رہے گی۔علامہ اسد عباس اسدی نے کہا کہ ہماری درسگاہ کربلا ہے اور ہم کربلا والے شہادت کو میراث سمجھتے ہیں بزدل دشمن اور تکفیری گروہ شکست خوردہ ہیں جو معصوم شہریوں کو مساجد میں بم دھماکوں سے شہید کر رہے ہیں علامہ علی رضا جلوی نے کہا کہ مساجد امن کی جگہ ہیں مساجد میں دہشت گردی غیر انسانی فعل ہے حکومت تکفیری گروہ کو لگام ڈالے اور واقعہ کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائے علامہ باقر رضا نقوی نے کہا کہ اسلام امن کا درس دیتا ہے اور ایک بے گناہ انسان کی جان کو انسانیت کی جان سے تعبیر کرتا ہے ترلائی مسجد کے شہداء کا خون ضائع نہیں ہونے دیں گے واقعہ کے محرک اور معاونین کو قوم کے سامنے لایا جائے علامہ صدا حسین نے کہا کہ ہم ملت تشیع شہدا کے وارث اور فکر کربلا کے امین ہیں بم دھماکے ہمارا عزم متزلزل نہیں کر سکتے ریلی سے سید علی سلمان،سید جری حیدر،سید تنویر نقوی،عارف حسین شاہ،علی حسن،خطیب حیدر نقوی و دیگر نے بھی خطاب کیا اور سانحہ ترلائی کے شہداء کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا ریلی شیخ القران چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔



