عورت اور نومولود بچے کی موت معاملہ مٹھی سول اسپتال کی ڈاکٹرز ذمہ دارقرار،کارروائی کی سفارش

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)مٹھی سول اسپتال کی ڈاکٹرز کو بُتنگاری گاؤں کے آنند کی اہلیہ اور نومولود بچے کی موت کا ذمہ دار قرار دے دیا گیا، ڈی ایچ او ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی نے رپورٹ جاری کر دی، جبکہ لاپرواہی برتنے والی ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
تحقیقاتی رپورٹ میں ہسپتال عملے کی سنگین کوتاہیاں اور مجرمانہ غفلت کا انکشافات ہوئے ہیں۔ہنگامی صورتحال کے باوجود متعلقہ خاتون ڈاکٹر مریضہ کو دیکھنے نہ آئیں اور غیر حاضر رہیں۔ہسپتال ریکارڈ سے زچگی کے اہم کاغذات اور ضروری معلومات غائب پائے گئے۔مریضہ کو شدید خون بہنے اور انفیکشن کے باوجود طبی امداد دینے میں تاخیر کی گئی۔آپریشن تھیٹر منتقل کرنے کے بجائے لیبر روم میں غلط علاج سے مریضہ کی حالت مزید بگڑ گئی۔بروقت خون کا انتظام نہ ہونا اور طبی عملے کی لاپرواہی ماں اور بچے کی موت کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا۔انکوائری کمیٹی نے متعلقہ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو واقعے کا ذمہ دار ٹھہرا دیا۔یاد رہے کہ 13 روز قبل درشنا نامی خاتون کو تشویشناک حالت میں مٹھی سے حیدرآباد ریفر کیا گیا تھا، جو راستے میں دم توڑ گئی تھی۔ورثاء کے احتجاج پر ڈی ایچ او تھرپارکر نے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کی رپورٹ میں غفلت ثابت ہوگئی ہے۔ اب کاروائی کے بجائے صلح کی کوششیں کی جارہی ہیں۔



