"انٹرنیشنل ڈے فار دی پریوینشن آف وائلنٹ ایکسٹریمزم”کے موقع پر بدین پریس کلب میں آگاہی سیمینار

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) اقوامِ متحدہ کے "انٹرنیشنل ڈے فار دی پریوینشن آف وائلنٹ ایکسٹریمزم” کے موقع پر بدین پریس کلب میں آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا سیمینار میں سینئر صحافیوں اور پریس کلب کے عہدیداران نے شرکت کی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں اور انفارمیشن آفیسر عرفان علی جونیجو نے کہا کہ پرتشدد انتہاپسندی کی روک تھام میں میڈیا اور صحافیوں کا کردار نہایت اہم اور ذمہ دارانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو خبر کی اشاعت کے دوران احتیاط سے کام لینا چاہیے اور ایسے مواد سے گریز کرنا چاہیے جو نفرت، تعصب یا اشتعال انگیزی کو فروغ دے سکتا ہو انہوں نے مزید کہا کہ ذمہ دار صحافت، مثبت بیانیے کے فروغ اور سماجی ہم آہنگی کو تقویت دینے سے انتہاپسندی کے رجحانات میں کمی لائی جا سکتی ہے میڈیا کو چاہیے کہ وہ امن، برداشت، بین المذاہب ہم آہنگی اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے آگاہی پیدا کرے اور نوجوان نسل کو درست رہنمائی فراہم کرے انہوں نے کہا کہ پرتشدد انتہاپسندی کے حوالے سے صحافیوں کا کردار انتہائی اہم، حساس اور ذمہ دارانہ ہوتا ہے کیونکہ میڈیا رائے عامہ کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ غیر مصدقہ معلومات نشر نہ کی جائیں، دہشتگردوں کے پروپیگنڈے کو تقویت نہ دی جائے اور نفرت انگیز مواد سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ ایسا کوئی مواد شائع یا نشر نہ کیا جائے جو کسی مذہب، قوم یا گروہ کے خلاف نفرت کو ہوا دے انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو اس انداز میں کام کرنا چاہیے کہ نہ صرف سچائی سامنے آئے بلکہ معاشرے میں امن، برداشت اور استحکام بھی برقرار رہے سیمینار میں شریک صدر بدین پریس کلب شوکت میمن، عمران علی خواجہ، مرتضیٰ میمن عطا محمد چانڈیو اور دیگر صحافیوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیشہ ورانہ اصولوں کے مطابق کام کرتے ہوئے معاشرے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھیں گے



