سندھ میں اقربا پروری،کرپشن کا راج ہے،لیاقت جتوئی

میہڑ(جانوڈاٹ پی کے)
جی ڈی اے کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی نے کہا ہے کہ 17برسوں سے صوبے میں کرپشن،اقربا پروری اور کالے قانون کا راج قائم ہے، جس کے باعث عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں اور ہر روز بے گناہ شہری جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔وہ میہڑ میں ہنگامی پریس کانفرنس کررہے تھے ۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ بااثر وڈیروں اور جرائم پیشہ عناصر کی سہولت کار بنی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع دادو سمیت پورے سندھ کے وسائل کو منظم انداز میں لوٹا جا رہا ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔
لیاقت جتوئی نے کہا کہ دادو میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو نظر انداز کرتے ہوئے مبینہ طور پر من پسند مقامی پولیس افسران تعینات کیے گئے، جو عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالتی فیصلوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور پولیس کو سیاسی دباؤ سے آزاد کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ مسلسل 17 سال سے اپوزیشن کا فعال کردار ادا کر رہے ہیں، جس کی پاداش میں ان پر، ان کے قریبی ساتھیوں اور پارٹی رہنماؤں پر جھوٹے اور من گھڑت مقدمات درج کیے گئے۔ تاہم وہ کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے اور عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
میہڑ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے واقعے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے لیاقت جتوئی نے کہا کہ یہ سانحہ ایس ایس پی دادو کی نااہلی اور ناکام حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ سے مطالبہ کیا کہ امن و امان کی بگڑتی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، شہداء کے لواحقین کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے اور جرائم کے خاتمے کے لیے ٹھوس اور دیرپا اقدامات کیے جائیں۔



