سندھ ہائیکورٹ اور وزیراعلیٰ کی ہدایات کے باوجود تجاوزات نہ ہٹائے جانے پر وکلاء نے احتجاج کا اعلان کر دیا

میرپورخاص(رپورٹ:شاھدمیمن/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)سندھ ہائیکورٹ اور وزیراعلیٰ کی ہدایات کے باوجود تجاوزات نہ ہٹائے جانے پر وکلاء نے احتجاج کا اعلان کر دیا۔میرپورخاص ھائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شوکت علی راھموں اور دیگر کی پریس کلب میں پریس کانفرنس میں سابق صدر ایڈووکیٹ میر پرویز تالپور ، غفار ناریجو، ایڈووکیٹ محبوب کپری، ذکاء اللہ نوحانی اور ایڈووکیٹ تیمور بھی موجودتھے۔ میرپورخاص میں ٹریفک جام کے مسئلے کو تاحال حل نہیں کیا گیا شہر کی اہم سڑکوں پر تجاوزات کے جگہ جگہ ریڑھیاں اور رکشے کھڑے کر کے سڑکیں بند کردی جاتی ہیں۔ٹریفک جام ہونے کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے متعلقہ حکام کو دی گئی ہدایات پر تاحال عمل درآمد نہیں کیا گیا بلدیہ میرپورخاص اور ٹریفک پولیس کے خلاف ہڑتالوں اور احتجاج کا اعلان کرتے ھیں پولیس مبینہ طور پر پیسے لے کر سڑکوں پر رکشہ اسٹینڈ قائم کر دیتی ہے وکلاء عدالت آنے کے لئے گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہتے ہیں۔ منتخب نمائندوں کو شہر میں فلائی اوور تعمیر کرنے چاہئیں، ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے شہر کا کوئی والی وارث نہیں، تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک نظام کی بحالی نہ ہونے پر عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کر کے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔



