سکھر میں انتہاپسندی کے خلاف فیصلہ کن قدم: ڈپٹی کمشنر کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، جامع ایکشن پلان کی منظوری

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)عالمی یومِ انسدادِ پرتشدد انتہاپسندی کے موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں امن، رواداری اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جامع حکمتِ عملی اور عملی اقدامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں اے ڈی سی ٹو سکھر بشریٰ منصور، اسسٹنٹ کمشنرز سارہ فراز اور غلام مرتضیٰ، محکمہ تعلیم، سوشل ویلفیئر، قانون نافذ کرنے والے اداروں، لوکل گورنمنٹ، سول سوسائٹی کے نمائندگان، مذہبی رہنماؤں اور نوجوانوں کے وفود نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد نے کہا کہ پرتشدد انتہاپسندی صرف سیکیورٹی کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک گہرا سماجی اور فکری چیلنج ہے، جس کا مؤثر حل تعلیم، مکالمے اور کمیونٹی کی شمولیت میں مضمر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ردِعمل پر مبنی اقدامات کے بجائے پیشگی اور طویل المدتی حکمتِ عملی اختیار کرنا ناگزیر ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انتہاپسندی وہاں جنم لیتی ہے جہاں مکالمہ ختم اور امید دم توڑ دیتی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کردار صرف امن و امان برقرار رکھنا نہیں بلکہ ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جہاں انتہاپسندانہ بیانیہ خود بخود غیر مؤثر ہو جائے۔

اجلاس میں ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع امن کمیٹی کی ازسرِ نو تشکیل دے کر اسے فعال بنایا جائے، سرکاری و نجی ثانوی تعلیمی اداروں میں لازمی امن آگاہی سیشنز منعقد کیے جائیں اور طلبہ کی سطح پر امن سوسائٹیز قائم کی جائیں۔ نوجوانوں کے لیے مکالماتی فورمز تشکیل دیے جائیں تاکہ انتہاپسندانہ پروپیگنڈے کا مؤثر متبادل بیانیہ سامنے لایا جا سکے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے علمائے کرام اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ قریبی تعاون یقینی بنایا جائے اور نفرت انگیز تقاریر کی حوصلہ شکنی کی جائے۔ محکمہ اطلاعات کے تعاون سے میڈیا اور ڈیجیٹل لٹریسی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت دی گئی تاکہ نوجوانوں کو آن لائن انتہاپسند مواد سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد نے کہا کہ امن صرف حکومت نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ضلعی انتظامیہ سکھر عوام کے ساتھ مل کر اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ انتہاپسندی کے لیے سکھر میں کوئی جگہ نہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے میڈیا، سول سوسائٹی اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ ان کوششوں میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ایک پُرامن، روشن اور ترقی یافتہ سکھر کی بنیاد رکھی جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button