پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سینٹر شروع، مریم نواز نے افتتاح کیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلا سرکاری آٹزم سینٹر قائم ہونے پر آٹسٹک بچوں اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

مریم نواز شریف نے مریم نواز اسکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل یہاں صرف خالی زمین تھی، اور آج اللہ کے فضل و کرم سے پہلا آٹزم اسکول مکمل ہو کر سامنے آیا، جس سے دل خوشی سے سرشار ہوگیا۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ عالمی معیار کے مطابق یہ سینٹر ایک ہی چھت تلے آٹسٹک بچوں کے علاج کی تمام سہولتیں فراہم کرتا ہے، اور پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں بھی شاید ایک ہی چھت تلے ایسی مکمل سہولت میسر نہیں۔

انہوں نے صوبائی معاون خصوصی ثانیہ عاشق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آٹزم اسکول پراجیکٹ کی قیادت اور دلچسپی قابل تحسین ہے۔ علاوہ ازیں، پنجاب بھر میں خاص بچوں کے لیے 70 اسپیشل بسیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ بچوں کی تعلیم اور علاج تک رسائی آسان ہو۔

مریم نواز شریف نے اس ادارے کے قیام میں حصہ لینے والے تمام افراد کو شاباش دی اور کہا کہ یہ سفر رکنا نہیں چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کی مشکلات میں آسانی پیدا کرنا میرے لیے خوشیوں کا باعث ہے۔

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھی اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آٹزم کے علاج کے لیے اتنا بڑا ادارہ قائم ہونا ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے آٹسٹک بچوں کے والدین کو مبارکباد دی اور یقین دلایا کہ ریاست ہر مشکل میں ان کے ساتھ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button