پرامن احتجاج ہوگا تو ملاقات بھی ہوگی، رانا ثناءاللہ کا سہیل آفریدی کو دوٹوک پیغام

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی جس دن پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے، اسی دن عمران خان سے ملاقات بھی ممکن ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کسی کو ملاقات سے نہیں روک رہی، مسئلہ صرف رویّے اور طرزِ عمل کا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے ماضی کے بعض واقعات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ سے ایک تقریب کے دوران اپنے خلاف بنائے گئے مقدمے پر شکوہ کیا تھا۔ ان کے مطابق جنرل (ر) باجوہ نے وضاحت دی کہ وہ کیس ان کی جانب سے نہیں بنایا گیا تھا، تاہم اس موقع پر دونوں کے درمیان تلخی بھی ہوئی۔

جنرل (ر) باجوہ سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ صرف یہ کہنا کہ وہ گر گئے ہیں، ادھوری خبر ہے، کیونکہ واش روم میں گرنے سے اتنی سنگین چوٹ آنا ممکن نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ سلمان صفدر جیل میں ملاقات کے لیے فرینڈ آف کورٹ کی حیثیت سے گئے تھے اور انہیں یہ ذمہ داری سپریم کورٹ نے خود سونپی تھی، جو عدالتِ عظمیٰ کے اعتماد کا اظہار ہے۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ حکومت کا واضح مؤقف ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولیات میسر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ محمود اچکزئی نے تاحال بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے معاملے پر عدالت سے رجوع نہیں کیا۔

انہوں نے 8 فروری کی احتجاجی کال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کال پر کچھ بھی حاصل نہیں کیا جا سکا، کیونکہ عوام اس قسم کی سیاست سے اب تنگ آ چکے ہیں۔

سینیٹر رانا ثناءاللہ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ سہیل آفریدی کو اس وقت ملاقات نہیں، لانگ مارچ یا تصادم کی سیاست درکار ہے۔ ان کے مطابق جب وہ مہم جوئی ترک کر کے پرامن راستہ اختیار کریں گے، تو ملاقات کی راہ بھی خود بخود ہموار ہو جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button