حملہ ہوا تو جنگ میدان سے باہر نکل جائے گی، میزائل صلاحیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں،ایران کی دوٹوک وارننگ

تہران (جانوڈاٹ پی کے)ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کے سینئر مشیر علی شمخانی نے ایران پر ممکنہ حملے کے حوالے سے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کو جنگ کا آغاز تصور کیا جائے گا، اور یہ جنگ صرف روایتی میدانِ جنگ تک محدود نہیں رہے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی شمخانی نے واضح کیا کہ ایران کی میزائل صلاحیتیں ناقابلِ مذاکرات ہیں اور ان پر کسی قسم کی بات چیت نہیں کی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران بارہا واضح کر چکا ہے کہ حتیٰ کہ محدود فوجی حملہ بھی مکمل جنگ کی بنیاد بن سکتا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کو فوجی طاقت کی نمائش کے بجائے سنجیدگی اور عملی حکمتِ عملی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق مذاکرات کے ساتھ دھمکیاں دینا امریکی طرزِ عمل کا حصہ رہا ہے، تاہم ایران دباؤ کی زبان کو قبول نہیں کرے گا۔
علی شمخانی نے مزید کہا کہ ایران اپنی قومی سلامتی اور دفاعی صلاحیتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن اور ہمہ جہت جواب دیا جائے گا۔



