تھرپارکر: راشد علی کے قتل کیس میں ملزمان کی شناخت، انصاف کیلئے ورثاء پرعزم

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی)کچھ روز قبل 20 جنوری کی رات کنڈیارو کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے راشد علی بوڑیپوٽو کے ناحق قتل کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ کیس میں ملوث نامزد ملزمان کو کنڈیارو کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں مقتول کے ورثاء اور گاڑی کے ڈرائیور نے عدالت میں پیش ہو کر حقیقی ملزمان کی شناخت کی۔

عدالتی کارروائی کے دوران ورثاء نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنے پیارے کے ناحق خون کا انصاف حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ قتل میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کیس کی تفتیش جاری ہے اور مزید شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ ملزمان کے خلاف مضبوط مقدمہ تیار کیا جا سکے۔ اس موقع پر مٹھی کے قریب گاؤں پوسرکو کے رہائشی غلام رسول بوڑیپوٹو کا کہنا تھا کہ ہمیں ایس ایس پی نوشہرو فیروز روحل کوسو اور کنڈیارو تھانے کی پولیس کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی جانب سے کیس کی تفتیش میں سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ ہمیں انصاف ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم گمبٹ اسپتال جا رہے تھے کہ راستے میں اچانک یہ واقعہ پیش آیا۔ ہم تھر کے امن پسند لوگ ہیں اور ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔

سیاسی و سماجی رہنماؤں نے امید ظاہر کی ہے کہ انصاف کی فراہمی سے متاثرہ خاندان کو داد رسی ملے گی اور علاقے میں قانون کی بالادستی قائم رہے گی۔

مزید خبریں

Back to top button