13سے 15فروری پھر بسنت منانے کا اعلان

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے)زندہ دلانِ لاہور میں بسنت 2026 کے رنگ جمانے کے بعد اب کوئٹہ بھی اس خوشگوار تہوار کا حصہ بننے جا رہا ہے۔

بلوچستان کے دارالحکومت میں 13، 14 اور 15 فروری (جمعہ سے اتوار) تک تین روزہ بسنت میلہ منانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس پر شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

شہر بھر میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، بازاروں میں رنگ برنگی پتنگیں، مضبوط ڈور، پیلے لباس اور بسنت کی دیگر اشیا کی دھوم مچی ہوئی ہے۔ گرد سنگھ روڈ، پرنس روڈ، علمدار روڈ، کاسی روڈ، سرکی روڈ، جان محمد روڈ، سبزل روڈ، نوا کلی، بروری روڈ، جیل روڈ، لیاقت بازار اور دیگر علاقوں میں خریداری کا سلسلہ جاری ہے۔

آسمان جلد ہی رنگین پتنگوں سے بھرنے کا امکان ہے جبکہ مختلف علاقوں میں مقامی ثقافتی پروگرامز، موسیقی اور روایتی تقریبات کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔

کوئٹہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ تہوار شہر میں تفریحی مواقع کی کمی کو پورا کرے گا اور سماجی ہم آہنگی و مثبت تشخص کو فروغ دے گا۔ منتظمین کے مطابق پتنگ بازی کے علاوہ مقامی فنکاروں کی پرفارمنسز، روایتی کھانوں کے اسٹالز اور خاندانی تفریح کا بھی خاص اہتمام کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ لاہور میں بسنت کے بعد یہ دوسرا بڑا شہر ہے جہاں یہ تہوار دوبارہ بحال ہو رہا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ تہوار کو پرامن اور محفوظ طریقے سے منائیں اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔

مزید خبریں

Back to top button