خواتین سائنس و ٹیکنالوجی کے ذریعے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، صدر مملکت

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی دنِ خواتین اور لڑکیوں برائے سائنس کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستانی خواتین کی صلاحیت، حوصلے اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ خواتین سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھا رہی ہیں اور قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے CEDAW کے تحت خواتین کو تعلیم اور سائنسی قیادت میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے وعدے کا اعادہ کیا۔

صدر زرداری نے خوش آئند قرار دیا کہ ملک کے جامعات میں خواتین طلبا کا تناسب 50 فیصد سے تجاوز کر گیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین تعلیم اور تحقیق میں مسلسل آگے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین انجینئرنگ، میڈیکل، کمپیوٹنگ اور بایوٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تحقیق کی قیادت کر رہی ہیں۔

صدر زرداری نے COMSTECH کے پلیٹ فارم کے تحت مسلم دنیا میں سائنسی تعاون میں خواتین کے مؤثر کردار کی بھی تعریف کی اور نرگس ماولوالا، تسنیم زہرا حسین اور مہیرہ عبدالغنی جیسی ممتاز سائنسدانوں کا خصوصی ذکر کیا، جن پر پوری قوم فخر کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی سائنسی پیش رفت سے صحت، ماحولیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں بہتری ممکن ہے اور خواتین پاکستان کے سائنسی مستقبل کو مزید مضبوط اور روشن بنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button