ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا تذکرہ، 10 طیارے تباہ ہونے کا نیا دعویٰ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مئی 2025 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان پیدا ہونے والی خطرناک کشیدگی کو کم کرانے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور یہ تنازع کسی بھی وقت جوہری جنگ میں تبدیل ہو سکتا تھا۔

ایک امریکی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے محصولات (ٹیرف) کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے دونوں ممالک کو کشیدگی کم کرنے پر مجبور کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جنگ نہیں بلکہ انسانی جانیں بچانا چاہتے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق“میں نے 8 جنگیں ختم کرائیں، جن میں سے کم از کم 6 ٹیرف کی وجہ سے رکیں۔ میں نے کہا اگر تم جنگ بند نہیں کرو گے تو میں تم پر ٹیرف عائد کر دوں گا، کیونکہ میں لوگوں کو مرتے نہیں دیکھنا چاہتا۔”

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان صورتحال اس حد تک بگڑ چکی تھی کہ جوہری تصادم کا حقیقی خطرہ موجود تھا۔ ان کے بقول دونوں ممالک آمنے سامنے تھے، 10 طیارے تباہ ہو چکے تھے اور حالات انتہائی سنگین ہو گئے تھے۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ان کے کردار کو سراہتے ہوئے اعتراف کیا کہ کشیدگی کم کرا کے انہوں نے کم از کم ایک کروڑ انسانی جانیں بچائیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تین دہائیوں سے جاری تنازع محض ڈیڑھ دن میں ختم کرایا۔ ان کے مطابق انہوں نے دونوں ممالک کو واضح پیغام دیا تھا کہ اگر لڑائی جاری رہی تو امریکا تجارتی اقدامات کرے گا۔

دوسری جانب امریکی صدر نے ایران کو ایک بار پھر سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو امریکا سخت فوجی اقدام اٹھانے سے گریز نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

ٹرمپ کے مطابق اس بار تہران سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور ایران کو امریکی فوجی طاقت کا اندازہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بات چیت ناکام ہوئی تو امریکا خطے میں ایک اور بحری بیڑہ تعینات کر سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button