پی ٹی آئی میں ہر کوئی عمران خان کے بعد خود کو لیڈر کہتا ہے، جنید اکبر

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریکِ انصاف خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے پارٹی کے اندر قیادت اور حالیہ سیاسی بیانات پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں عمران خان کے بعد اب ہر کوئی خود کو لیڈر سمجھنے لگا ہے، جو پارٹی کے نظم و ضبط کے لیے ایک سنجیدہ چیلنج ہے۔
جنید اکبر نے سخت لہجے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمود خان اچکزئی کو ابھی پی ٹی آئی کے سیاسی کلچر میں ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی اپنی ایک جدوجہد، مزاحمت اور احتجاجی سیاست ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
بسنت منانے سے متعلق ایک سوال پر جنید اکبر نے طنزیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ“جس نے بسنت منائی، اس سے ہی پوچھ لیں، ہم تو سارا دن احتجاج میں تھے۔”
انہوں نے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش آڈیو لیکس کے معاملے پر واضح تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ استعفیٰ دے رہے ہیں۔ جنید اکبر کے مطابق ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا مؤقف یہ تھا کہ اگر انہیں اسمبلی میں بولنے کا موقع نہیں دیا جاتا تو وہ اسپیکر سے بات کر کے الگ نشست الاٹ کروانے پر غور کریں گے، نہ کہ استعفیٰ دینے پر۔
سیاسی مبصرین کے مطابق جنید اکبر کا یہ بیان پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات، قیادت کی سمت اور اتحاد کے حوالے سے اہم اشارے دے رہا ہے، جس پر آنے والے دنوں میں پارٹی قیادت کو واضح حکمتِ عملی اپنانا پڑ سکتی ہے۔



