سانحہ گل پلازہ : جسٹس آغا فیصل کو سنگل ممبر انکوائری کمیشن مقرر کر دیا گیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے حکومت نے اہم عدالتی قدم اٹھاتے ہوئے جسٹس آغا فیصل کو سنگل ممبر کمیشن آف انکوائری مقرر کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ گزٹ نوٹیفکیشن انکوائری کمیشن کو موصول ہو گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کمیشن کو واضح ٹرمز آف ریفرنس (TORs) سونپ دیے گئے ہیں، جبکہ تحقیقات آٹھ ہفتوں کے اندر مکمل کی جائیں گی۔ کمیشن گل پلازہ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے گا۔

انکوائری کے دائرہ کار میں عمارت میں آگ سے بچاؤ کے انتظامات، آتشزدگی پر قابو پانے کے اقدامات، ایمرجنسی رسپانس سسٹم اور مجموعی سیفٹی انتظامات کا بھی مکمل معائنہ شامل ہوگا۔

ذرائع کے مطابق کمیشن اس بات کا بھی تعین کرے گا کہ آیا عمارت میں قانونی اور حفاظتی تقاضوں پر عملدرآمد کیا گیا تھا یا نہیں، اور کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی سامنے آنے کی صورت میں ذمہ داران کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔

سانحہ گل پلازہ نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ عوام اور متاثرہ خاندانوں کی جانب سے شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button