نارتھ کراچی میں اینٹی انکروچمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور کے الیکٹرک کے عملے میں ہاتھا پائی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب اینٹی انکروچمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور کے الیکٹرک کے عملے کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوگیا، جس دوران مشتعل افراد ایک دوسرے سے دست و گریباں ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق جھگڑے کے دوران دونوں اداروں کے عملے کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی تاہم کسی بھی فریق کی جانب سے گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔
ایس ایچ او تھانہ اجمیر نگری فیض الحسن کے مطابق علاقے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری تھا۔ اس ہی آپریشن کے دوران کے الیکٹرک اور اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جو بعد میں شدت اختیار کرگئی۔
سینئیر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ عمار خان کے مطابق کے الیکٹرک کو تجاوزات کے حوالے سے تین بار نوٹس جاری کیے جاچکے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج (منگل) کے روز بھی اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ کے الیکٹرک کے دفتر تجاوزات ہٹانے کے لیے گیا تو کے الیکٹرک کے عملے کی جانب سے مغلظات دی گئیں، جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی۔
پولیس کے مطابق معاملے کو پرامن طریقے سے حل کرنے کرلیا گیا ہے دونوں محکموں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جسکے بعد فریقین میں صلح ہوگئی۔



