پی ٹی آئی میرا گھر ہے، ناراضی، جھگڑے اور شکوے یہ سب چلتا رہےگا، جنید اکبر

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جنید اکبر نےکہا ہے کہ ہماری پارٹی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بعد ہر کوئی کہتا ہے وہ لیڈر ہے، بانی پی ٹی آئی کے ہر فیصلے کے ساتھ کھڑا ہوں، جو وہ کہیں گے فائنل ہوگا۔
اڈیالہ جیل روڈ پر میڈیا سےگفتگو میں رہنما پی ٹی آئی جنید اکبر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میرا گھر ہے، ناراضی، جھگڑے اور شکوے یہ سب چلتا رہےگا۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ میں نے جمعرات اور جمعہ کو شکوہ کیا کہ بات کرنی ہے، میں نےکہا مطمئن نہیں ہوں تقریروں میں وجوہات نہیں بتائی جاتیں، محمود خان اچکزئی پر تحفظات نہیں، ان پر تحفظات رکھنے والا میں کون ہوتا ہوں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی کو ابھی ایڈجسٹ ہونے میں ٹائم لگےگا، ہماری پارٹی کا اپنا کلچر ہے، ہماری پارٹی میں بانی پی ٹی آئی کے بعد ہرکوئی کہتا ہے وہ لیڈر ہے۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ہر فیصلے کے ساتھ کھڑا ہوں، جو وہ کہیں گے فائنل ہو گا، جب ہر بندے کو آگے بڑھنے کا موقع ملتا ہے تو پھر اختلاف ہوتا ہے، دوسری پارٹیوں میں آمریت ہے وہاں اختلاف کم ہوتا ہے، وہاں سب کو پتہ ہوتا ہے مریم نواز نے وزیر اعلیٰ اور شہباز شریف نے وزیر اعظم بننا ہے، مریم نواز کا بیٹا کل آئےگا تو وزیراعلی بنےگا۔
اس سے پہلے جنید اکبر نے اپنی آڈیو ٹیپ سامنے آنے پر اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہيں بولنے کا موقع نہیں دیا جاتا ، برداشت ختم ہوگئی ہے ، چیف وہپ کون ہوتا ہے فیصلہ کرنے والا کہ روزانہ کون بولے گا ، وہ اسپیکر کو خط لکھیں گے کہ انہیں تحریک انصاف سے الگ نشست دی جائے ، آج کے بعد وہ پارلیمانی کمیٹی کاحصہ نہیں ہیں ۔



